اراولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے احتجاج اور ہنگامہ آرائی سمیت دہشت گردی کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کی خواتین سمیت 98ملزمان کی بیشتر مقدمات میں ضمانت منظور کرلی جبکہ سیمابیہ طاہر اور تنویر اسلم کی صرف تھانہ سٹی میں درج مقدمہ کی حد تک ضمانت بعداز گرفتاری منظور ہوئی۔علاوہ ازیں عدالت نے تحریک انصاف کی دو خواتین رہنمائوں صنم جاوید اور مشعال خان سمیت احد علی شاہ کی اکیس نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے تھانہ صدر حسن ابدال کی پولیس کو نوٹس جاری کر کے ریکارڈ طلب کرلیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف راولپنڈی کے سات مختلف تھانوں میں 28ستمبر اور پانچ اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، املاک کو نقصان پہنچانے اور دہشت گردی سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے۔ گزشتہ روز ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر کارکنوں کی جانب سے غلام مرتضیٰ حسنین، ملک فیصل، عاقل خان اور نبیل ستی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جہاں فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے متعدد مقدمات میں 98ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔