لاہور(نمائندہ جنگ) پی آئی اے کی خریداری کا معاملہ سیاسی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سنجیدہ بحث کی شکل اختیار کرگیا۔وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قومی ادارے کو اونے پونے فروخت نہیں کرسکتے، کوئی ایک پارٹی بتا دیں جس نے پی آئی اے کا یہ حال نہ کیا ہو، صوبوں کی دلچسپی پر اعتراض نہیں، پی آئی اے چلانا یا ٹھیک کرنا میرے ذمے نہیں بلکہ میری ذمہ داری صرف پی آئی اے کو بیچنا ہے
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے سارا عمل چل چکا تھا، پی آئی اے کی نجکاری کے فریم ورک میں تبدیلی کا اختیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے چلانا یا ٹھیک کرنا میرے ذمے نہیں، میری ذمہ داری صرف پی آئی اے کو بیچنا ہے، پی آئی اے کا خسارہ عوام نہیں اٹھا سکتے اس لیے بیچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے گریبانوں میں جھانکیں پی آئی اے کو اس حال میں پہنچانے کی ذمہ کس کس کی ہے؟
پی آئی اے کو بیچنا یا خریدنا الگ الگ بات ہے، میرے پاس انحراف کا کوئی اختیارنہیں ہے، پی آئی اے کا خسارہ 830 ارب روپے تھا اور پی آئی اے کی نجکاری کاعمل میرےآنے سے پہلےشروع ہو چکا تھا۔