اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف بدھ کے روزاسلام آباد میں چینی سفارتخانہ گئے ۔وزیرِ اعظم نے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی۔ وزیر ِاعظم نےگزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی۔وزیرِ اعظم نےچینی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ میں چینی شہریوں پر اس حملے کی مذمت کرنے اور زخمیوں کی بیمار پرسی کیلئے آپ سے ملنے آیا ہوں۔ وزیرِ اعظم نےچینی سفیر کو واقعہ کےذمہ داران کو جلد گرفت میں لے کر انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کر وائی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفت میں لینے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے عمل کی بذات خود نگرانی کر رہا ہوں۔