اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے نیپال اور ترکیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیروں نے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم کا جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشت گردوں سے جنگ جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے محمد آصف کو دوحہ میں انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ ورلڈ سنوکر فیڈریشن (IBSF) چیمپیئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ محمد آصف نے تیسری مرتبہ بین الاقوامی چیمپئن شپ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کھیل میں میدانوں میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ عالمی مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کو تیاری کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
گلگت بلتستان میں تھاگوس ضلع گھانچے کے مقام پر قائم کی جانے والی رمدے یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ رمدے یونیورسٹی ایک ٹرسٹ کے تحت قائم کی جا رہی ہے۔