اسلام آباد ( طاہر خلیل ) سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے دہشتگردی کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کیلئے پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
نمائندہ جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دہشتگرد سرگرمیوں میں اضافہ قابل تشویش ہے اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز ان کیمرہ پارلیمانی سیشن کو بریف کریں رضا ربانی نے دہشتگردی سے نمٹنے کا 13 نکاتی روڈ میپ پیش کر دیااور کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی حالیہ سرگرمیوں کے اعداد و شمار خاص طور پر خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں باغیوں کی سرگرمیوں میں پریشان کن توسیع کو ظاہر کرتے ہیں۔
پاک انسٹی ٹیوٹ آف پیس سٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق صرف اکتوبر میں تمام صوبوں کے 28 اضلاع میں 48 دہشتگرد حملے رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں 100افراد ہلاک اور 80زخمی ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ آپریشنل آؤٹ ریچ میں اضافہ صرف خیبرپختونخوا اور بلوچستان تک ہی محدود نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب تک پھیلا ہوا ہے جہاں غیر ملکی شہریوں کیخلاف حملے کئے گئے ہیں ۔