کراچی(عبدالماجد بھٹی)فروری 2025ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لئے اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرتی ہے تو پاکستان نے بھارت کا پہلی بار منہ توڑاورسخت جواب دینے ‘ہندوستان سے نہ کھیلنے اورکھیلوں کے ہر فورم پر بھارت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے
۔ اسلام آباد میں حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو دونوں ملکوں کے تعلقات ٹھیک ہونے تک پاکستان بھارت کے خلاف ورلڈ کپ‘ ایشیا کپ سمیت دنیا کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں نہیں کھیلے گا ۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کی اولمپکس بڈ کی بھی مخالفت کی جائے گی‘بھارت 2036میں اولمپکس کی میزبانی کا خواہشمند ہے‘پاکستان نے بھارتی رویے پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حد درجہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتادیا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپنز ٹرافی کھیلنے نہیں آئے گی۔پی سی بی نےحکومت پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔
پاکستان نے ہائبرڈ سمیت کسی بھی ماڈل کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ممکنہ طور پر بھارت کی جگہ سری لنکا ٹورنامنٹ کھیل سکتی ہے۔ بھارت نے متعدد مرتبہ کھیلوں میں سیاست کو ملوث کیا ۔
حدرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔