اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان پر عدت کیس ڈیجیٹل ایڈونچررز کے اس ایڈونچر کا نتیجہ ہے جنہوں نے باہر بیٹھ کر جرنیلوں کی کردار کشی کی اور ایک سکینڈل نکالا تھا ، یہ اسی کا خمیازہ تھا جو ہمیں بھگتنا پڑا ، ہم نے کبھی ان کو اختیار نہیں دیا کہ پی ٹی آئی کے نام پہ اداروں کو گالیاں دیں۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں کبھی کبھار سوچتا ہوں کہ پی ڈی ایم اور ان کے سہولت کاروں نے تمام مقاصد حاصل کر لئے لیکن انہوں نے جو ظلم ہمارے ساتھ کیا وہ حد درجہ زیادہ ہے۔ یہ کیوں کیا گیا؟ شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ سزا ہمیں ڈیجیٹل میڈیا پر بیٹھے لوگوں کی زیادتیوں کی وجہ سے ملی ہے۔