سڈنی (جنگ نیوز) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز سے پہلے اس کے پوسٹر نے نئی بحث چھیڑ دی۔ سیریز شروع ہونے سے قبل آفیشل براڈ کاسٹر کی جانب سے جاری پوسٹر پر آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ بھارتی قائد روہت شرما کے بجائے ویرات کوہلی کی تصویر لگائی گئی ہے ۔ پوسٹر کے وائرل ہوتے ہی شائقین کے ذہنوں میں سوال کھڑے ہوگئے کہ کیا ٹیسٹ سیریز میں روہت شرما کی جگہ کپتان ویرات کوہلی ہوں گے ۔ کیونکہ کہا جارہا ہے کہ روہت شرما نجی مصروفیات کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے، لیکن اس بات کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک بھارتی فین نے لکھا کہ یقین نہیں آرہا کہ روہت شرما پوسٹر سے غائب ہیں، وہ ہمارے کپتان ہیں لیکن کرکٹ کے سب سے بڑے برانڈ کی وجہ سے کوہلی کو یہاں جگہ مل گئی ۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ آسٹریلوی میڈیا نے پہلے ٹیسٹ کیلئے کوہلی کوکپتان بنادیا ہے ۔ البتہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلتے تو قیادت نائب کپتان جسپریت بمراہ کریں گے۔