گلگت (جنگ نیوز)گلگت سے چکوال جانیوالی باراتیوں کی بس دریا میں جاگری، 24افراد جاں بحق ہوگئے ، کوسٹر میں 25 افراد سوار تھے، دلہن کو زخمی حالت میں بچالیا گیا ،18 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں،مزید 6کی تلاش جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع استور سے پنجاب جانے والی باراتیوں سے بھری کوسٹر دریائے سندھ میں گرنے سے جن میں سے 24افراد جاں بحق جب کہ دلہن کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ۔امدادی سرگرمیوں میں مصروف ریسکیو ادارے کے افسر کا کہنا تھا کہ باراتیوں سے بھری کوسٹر گلگت بلتستان کے ضلع استور کے گاؤں پریشنگ سے پنجاب کے ضلع چکوال کے لیے روانہ ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ متحرک ہو گئی اور حادثے کا شکار مسافروں کی جانیں بچانے کی کوشش کی گئی۔ریسکیو افسر کے مطابق اب تک دریا سے 18 لاشیں نکالی ہیں جب کہ ایک لڑکی زخمی ہے جس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ دلہن تھی۔ کوسٹر میں 25 افراد سوار تھے، دلہن کو زخمی حالت میں بچالیا گیا ہے۔مزید 6 لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ریسکو افسر کے مطابق استور سے جائے حادثہ 3 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ حکام کے مطابق جائے حادثہ ضلع دیامر کے حدود میں شامل ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ گلگت بلتستان سے راولپنڈی جانے والی نجی کمپنی کی مسافر بس اپر کوہستان میں شتیال کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے تھے۔