پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے باچا خان چوک میں رجسٹراردفتر آنیوالے بٹ خیلہ کے رہائشیوں پر فائرنگ سے ایک جاں بحق جبکہ دیگر چار بال بال بچ گئے،فائرنگ سے بازار میں بھگدڑ مچ گئی تھی اورلوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔ فریقین کے درمیان جائیداد کا تنازع بتایاجاتا ہے ۔ تھانہ شرقی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے سید محمد سلمان ولد سید محمد حلیم ساکن بٹ خیلہ نے بتایاکہ وہ بھائی سید مزمل ،محمد عثمان ،شہاب اورنصرت کے ہمراہ رجسٹراردفتر واقع چرگانوچوک کسی کام کی غرض سے آئے تھے اور جونہی دفتر سے باہر نکلے اس دوران موٹرسائیکل پر سوارمسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے بھائی مزمل شاہ سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ وہ محفوظ رہے ۔انہوں نے قتل کی دعویداری عتیق الرحمان ،عطاءالرحمن پسران لطیف الرحمن ساکنان نوشہرہ پر کرتے ہوئے بتایاکہ وجہ عناد جائیداد کا تنازع ہے ۔فائرنگ کی اطلاع پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ،ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دےدی گئی ہے ۔