اسلام آباد( نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار )وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل پر اسلام آ باد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نمازجمعہ کے بعد نماز استسقا ادا کی گئی، اللّٰہ تعالیٰ کے حضور باران رحمت کے نزول کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اسلام آباد،کراچی، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں نماز استسقا کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور اللّٰہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر موسمی صورتحال سے نجات اور باران رحمت کے نزول کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور استغفار کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں مرکزی اجتماع وفاقی دارالحکومت کی فیصل مسجد میں منعقد ہواجس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اجتماعی دعا میں فیملیوں نے بھی شرکت کی ۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی قوم سے نماز استسقا کی اپیل کی تھی، اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام کوہسار بلاک سیکرٹریٹ اسلام آباد کے لان میں نماز استسقا کا ایک اجتماع منعقد ہوا،فیصل مسجد ، ایوان صدر ، وزیراعظم ہائوس سمیت وفاق کے زیر انتظام تقریبا450 سے زائد مساجد اور کھلے مقامات پر نماز استسقاادا کی گئی۔