کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی و سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ سے بدترین دھاندلی، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے اور جیتی ہوئی نشستیں چھیننے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت لیاقت آباد یوسی 7ڈاکخانہ چورنگی، یوسی 6نور منزل لانڈھی،یوسی 7کورنگی نمبر 2میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، مظاہروں سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہم پر ایسے حکمران مسلط ہیں جو حق دینے کیلئے تیار نہیں، امیر ضلع وسطی گلبرگ کامران سراج،امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ، ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب،ناظمین علاقہ لیاقت آباد مسعود علی اوراسحاق تیموری،ضمنی بلدیاتی انتخاب کے امیدوار یوسی 7 لیاقت آباد سلیم اللہ شیخ،جنرل ممبر یوسی 7کورنگی کراسنگ کامران سولنگی،وائس چیئرمین یوسی 6لانڈھی عبد الرحمنٰ و دیگر نے بھی خطاب کیا،سیف الدین ایڈوکیٹ نے یوسی 7لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی پراحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بنے ہوئے 77 سال ہوچکے ہیں لیکن آج بھی بدقسمتی سے ہم اپنا حق مانگنے کے لیے سڑکوں پر احتجاج ، پانی، بجلی،گیس کے لیے فریاد کررہے ہیں اور ہم پر ایسے حکمران مسلط ہیں جو حق دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، ظلم کے نظام اور اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کاروں کے خلاف زبردست مزاحمت کرنے کی ضرورت ہے۔