• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، بھارت بتائے تحفظات دور کریں گے، بورڈ چیف محسن نقوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے، باقی باتیں بعد میں ہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے، ہمارا رابطہ صرف آئی سی سی سے ہے، خط لکھا ہے ، جواب کا انتظار ہے ، بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد کے حوالے سے آئی سی سی کے جواب کے منتظر ہیں،بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے ، تحفظات دور کریں گے۔ سب اچھے کی امید ہے، کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور رہیں گے، آئی سی سی جلد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گا، ہمیں کام مکمل کرنا ہے ۔ پیر کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں آنے کے لیے تیار ہیں، بھارت کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے متعلق ایک اور سوال پر انہوں نے مزید کہا کہ ابھی بھی اچھے کی توقع رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی تک عاقب جاوید سے عبوری ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے کی درخوست کی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ جلدی میں کوئی اور کوچ لے آئیں اور پھر کوئی چیز ہو، عاقب جاوید وائٹ بال کیلئے 3 مہینے کا خلا پورا کریں گے ، اس کے بعد اگلے دس، پندرہ دن میں کام کرنے جا رہے ہیں تاکہ تلاش کرکے کوئی اچھا ہیڈ کوچ لا سکیں۔ وہاب ریاض مسلسل کام کر رہے ہیں، کسی کو ہٹایا نہیں تھا اور محمد یوسف کو بھی کہیں جانے نہیں دے رہے،عبدالرزاق بھی میرے لیے بہت اہم ہیں۔

اسپورٹس سے مزید