پشاور (نیوز رپورٹر) پشاورکینٹ پولیس نے سرکاری اہلکاروں کے روپ میں پراپرٹی ڈیلر سے1کروڑ 14لاکھ روپے اور گاڑی چھیننے والے گینگ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتارکر لیا ،ملزمان کا تعلق شاہ کش ، پشتخرہ اور شیخ محمدی سے ہے جنہوں نے گزشتہ ماہ سربند مال مویشی منڈی روڈ پرپراپرٹی ڈیلر سے موٹر کار اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے ۔ ایس پی کینٹ اعتزاز عارف نے ڈی ایس پی پشتخرہ عمرآفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مجاہد ولد انارگل سکنہ شیخ محمدی سے 7 اکتوبر 2024 کو تھانہ سربند پولیس کو موٹر کار اور1 کروڑ 14 لاکھ روپے رہزنی کی رپورٹ کی گئی جس پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کوبھی شامل تفتیش کیا گیا۔اس دوران سرکاری اہلکاروں کے روپ میں واردات کرنے والے گینگ کا سراغ لگا کرتین ملزمان کامران سکنہ شاہ کس ، اسماعیل سکنہ پشتخرہ بالا اور نجیب سکنہ شیخ محمدی کو گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے 87 لاکھ 55 ہزار روپے اور مسروقہ موٹر کارسمیت واردات میں استعمال ہونے والی ویگو گاڑی ، موٹر سائیکل اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے ان سے تفتیش شروع کردی ہے۔