کراچی (افضل ندیم ڈوگر)کراچی ایئرپورٹ پر 13سال قبل کریش لینڈنگ کرنے والا ناکارہ سعودی طیارہ کراچی سے ٹریلر پر 12 گھنٹے میں ٹھٹھہ کے راستے حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔طیارے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ حیدرآباد میں تربیتی مقصد کیلئے رکھا جائے گا۔ طیارے کا بقیہ حصہ بھی جلد حیدرآباد پہنچایا جائے گا۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے مطابق، ناکارہ طیارہ بردار ٹریلر گزشتہ روز صبح 4بجے کراچی سے روانہ کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق سڑک کے راستے منتقلی کو آسان کرنے کیلئے طیارے کو 2حصوں میں تقسیم کیا گیا تاکہ دوران سفر ٹریفک میں خلل نہ پڑے۔ 40ٹن وزنی ایم ڈی-83 طیارہ بردار ٹریلر کو کراچی ایئرپورٹ سے روانہ کرکے ملیر، اسٹیل ٹاون، بن قاسم ٹاون سے ہوتے ہوئے گھارو پھر ٹھٹھہ پہنچایا گیا۔ جہاں سے طیارے کو مسلسل سفر کرکے بدین روڈ اور سرمست روڈ سے ہوتے ہوے شام 4بجے حیدرآباد پہنچا دیا گیا، پی اے اے ذرائع کے مطابق 172مسافروں کی گنجائش والا ناکارہ طیارہ اب سی اے اے انسٹیٹیوٹ میں تربیتی مقاصد کیلئے استعمال ہوگا۔