کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارت کی ہٹ دھرمی اور ڈھٹائی نے آئی سی سی کو بھی مشکلات کا شکار کررکھا ہے، جمعے کو بھی اس حوالے سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ البتہ یہ اشارے مل رہے کہ بھارتی بورڈ حکام سے بات چیت کے بعد آئی سی سی اپنا ایک وفد پاکستان بھیجنے کی تیاری کررہا ہے تاکہ اسے اعتماد میں لے کر حتمی فیصلے تک پہنچا جاسکے، امکان ہے کہ ایک میچ کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان جانے اس کے بدلے پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل پر منانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس حوالے سے پی سی بی کے کڑے موقف سے بھارتی حکام حیرت زدہ اور دنیا کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں، یہ اطلاعات بھی ہیںکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ پی سی بی چیف محسن نقوی سے رابطے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے دبئی میں آئی سی سیحکام سے بھی ملاقات کی ہیں، کہا جارہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل منگل 26 نومبر کو ایک اہم ورچوئل بورڈ میٹنگ کی تیاری کر رہی ہے، اس وقت ٹرافی کا انعقاد کھیلوں کے ایونٹ سے ہٹ کرایک سفارتی شطرنج مقابلے میں تبدیل ہو گیا ہے، پی سی بی ہابرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے ۔ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی تاحال شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔ آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کے لیے دباؤ کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاک بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان اگلے ہفتے تک جاتا دکھائی دے رہا ہے۔ پاکستان میں فروری مارچ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں اب 90 دن سے بھی کم کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط کا بھی آئی سی سی نے کوئی جواب نہیں دیا۔