کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت نے پرتھ میں آسٹریلیا کا قلعہ فتح کر لیا۔ بھارت نے پہلا ٹیسٹ295رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔دوسری اننگز میں بھارت نے 6 وکٹ پر 487 رنز بناکر اننگز ڈکلیئرکردی اور آسٹریلیا کو 534 رنز کا ہدف دیا تھا ۔ 1970کے بعد ملک اور بیرون ملک صرف ایک سیریز ایسی ہے جب آسٹریلیا ایک صفر کے خسارے کے بعد سیریز جیت سکی ہے۔ جبکہ 24میں اسے شکست ہوئی ہے۔ آسٹریلوی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی ناکام رہی اور 238 رنز ہی فارغ ہوگئی ۔ ٹریوس ہیڈ 89 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارتی کپتان جسپریت بمرا نے پہلی اننگز میں 5 اور دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ محمد سراج نے میچ میں 5 اور ہرشت رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 150 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی ۔ لیکن کینگروز کو 104 رنز پر ہی ڈھیر کردیا،7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں ہی داخل نہ ہوسکے ۔ دوسری اننگز میں بھارت کے یشسوی جیسوال 161، کے ایل راہل 77، ویرات کوہلی نے100 رنز بنائے، یہ ان کی 30ویں اور آسٹریلوی سرزمین پر7 ویں سنچری تھی، یوں وہ آسٹریلیا کی سرزمین پر سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بھارتی بیٹر بن گئے ہیں، انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا 6 سنچریوں کا ریکارڈ توڑا۔