اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج اور راستوں کی بندش کے باعث عدالتی کارروائیاں بھی بری طرح متاثر ، 190 ملین پاونڈز ریفرنس اور توشہ خانہ ٹو کیس سمیت متعدد مقدمات کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ، ملزمان کو بھی جیلوں سے عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا سکا۔ منگل کو سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس،کی سماعت بغیر کارروائی 29 نومبر تک کیلئے ملتوی کر دی ۔ ادھر احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے بھی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیخلاف190ملین پاونڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی کے28 نومبر تک ملتوی کر دی۔ احتجاج کے باعث راستے بند ہونے کی وجہ سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق بھی دستیاب نہ ہو سکے ، ان کی عدالت کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔عدالت میں نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خواجہ آصف کیخلاف 10ارب ہرجانہ کیس کی سماعت مقررتھی۔