اسلام آباد ( نیوز ر پورٹر) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوائیوں سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد اور ملک بھر میں انسداد فسادات فورس ( اینٹی روائٹس ،Anti Riots فورس )قائم کی جائے،فورس کو بین الاقوامی طرز پر پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری سازوسامان سے لیس کیا جائے،آئندہ ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے، انہوں نے انتشار پھیلانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے ، اسلام آباد پر لشکر کشی کرنیوالے شرپسند ٹولے کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی ہدایت بھی کی ۔وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز اپنی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی ۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو گزشتہ دنوں ملک میں دھرنوں کی صورت میں احتجاج کرنے والوں کی جانب سے سرکاری املاک اور پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کیا کہ ملک میں تاریخی کرپشن اور اپنی حکومت بچانے کیلئے اسکو دیوالیہ کرنے والوں کی مذموم سازشیں رچنے والے قانون کی گرفت میں آئے،قانونی راستہ اپنانے کی بجائے بارہا اسلام آباد کی طرف لشکر کشی کرکے ملک بھر میں انتشار کی فضاء پھیلانے کی کوشش کی گئی،انتشاری ٹولے کی لشکر کشی کے دوران سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کیا گیا، وزیرِ اعظم نے سوال کیا کہ یہ کیسے انقلابی ہیں جو اس ملک کی تباہی اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں ، اسلام آباد پر لشکر کشی کرنے والے شرپسند ٹولے کیخلاف فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے،اس حوالے سے استغاثہ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتشاری ٹولے میں شرپسند عناصر کی فوری شناخت کرکے انکو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، انتشاری ٹولے کی لشکر کشی کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔