راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق رنگ روڈ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ(پی ایم یو)کے تین اہم افسران نے نامعلوم وجوہات پراستعفے دیدیئےجس کے بعد پی ایم یو عملا بند ہوگیا ۔ منصوبہ کی تکمیل کی ڈیڈلائن میں بھی تیسری مرتبہ تبدیلی کا امکان ہے کیونکہ تاحال سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(سی ڈی ڈبلیو پی)سے نظر ثانی شدہ پی سی ون منظور نہیں ہوا جس کے بعد ایکنک سے بھی منظوری لی جانی ہے۔تاخیر کے نتیجہ میں لاگت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہےجو پہلے ہی بڑھ کر39ہزار653اعشاریہ46ملین روپے ہو چکی ہےجبکہ مدت تکمیل بھی46ماہ ہوچکی ہے۔ ایکنک سےپہلا پی سی ون23ہزار606 اعشاریہ214ملین روپے کا22دسمبر2021کو منظور ہوا تھا۔مدت تکمیل36ماہ تھے۔ذرائع کے مطابق استعفی دینے والوں میں ماہر ماحولیات عدیل،فنانشل سپیشلسٹ ذیشان اور ایڈمن افسر مس غازیہ شامل ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ استعفوں کی وجوہات میں منصوبہ کے حوالے سے بعض متنازعہ امور میں افسران کو آن بورڈ نہ لینا اور مشوروں پر عملدرآمد نہ ہونا ہےجن میں سرفہرست لینڈ ایکوزیشن کا مسئلہ ہے۔