پشاور(جنگ نیوز)مہمند تحصیل امبار چارگلی میں گھر کے اندر بارودی مواد کا دھماکہ، ایک بچہ جاں بحق جبکہ خاتون اور پانچ بچے زخمی ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق مہمند میں مقامی پولیس کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی رات 9 بجے تحصیل امبار کے علاقے چارگلی میں نامعلوم افراد نے انورشاہ بورا کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں حسین احمد ولد حضرت محمد ، اس کی بیوی، تین بیٹیاں فائزہ، جمیلہ، واصمہ اور ایک بیٹا منیب خان زخمی جبکہ ایک بیٹا عزیز احمد جاں بحق ہوگیا ۔ واقعہ کے بعد زخمیوں کو باجوڑ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا گیا ، جان بحق بچے کے نماز جنازہ میں گھرانے کے سربراہ انورشاہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے گھرپر دستی بم حملے میں کوئی صداقت نہیں بلکہ دھماکہ ڈرون سے گرنے والے بارودی مواد سے ہوا ہے ۔ نماز جنازہ میں مقامی مشران ،سیاسی رہنماؤں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔