• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چہان ڈیم سے راولپنڈی کو ساڑھے 14ملین گیلن یومیہ پانی سپلائی ہوگا

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ڈیولپنگ ریزیلینٹ انوائرمنٹس اینڈ ایڈوانسنگ میونسپل سروسز (ڈریمس) منصوبہ راولپنڈی شہر کے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اہم اقدام ہے۔ اس پروجیکٹ کے مجموعی دائرہ کار میں 14.5 ملین گیلن یومیہ پانی کی چہان ڈیم سے راولپنڈی شہر تک سپلائی شامل ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے کہا کہ ڈریمس پروجیکٹ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جا رہی ہے۔ پروجیکٹ کا لاٹ ون جس کی مالیت 6اعشاریہ 326بلین ہے‘ ایک مربوط پانی کی فراہمی کے نظام کی ترقی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ چہان ڈیم سے حاصل ہونیوالے 12ملین گیلن یومیہ کی گنجائش کے ساتھ ایک خام پانی کے انٹیک سسٹم اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی بڑھتی ہوئی آبادی نے پانی کی فراہمی کے موجودہ نظام پر خاصا دباؤ ڈالا ہے۔ ڈریمس پروجیکٹ میں پانی کے نئے ذرائع کی ترقی، موجودہ انفراسٹرکچر کی تزئین و آرائش اور شہر کیلئے پائیدار اور موثر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز کا نفاذ شامل ہے۔ اس منصوبے سے راولپنڈی شہر کے لاکھوں گھرانوں کو پانی کی تقسیم کے نیٹ ورک کی کارکردگی کو بہتر بنانے، پانی کے نقصانات کو کم کرنے اور وسائل کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کی امید ہے۔
اسلام آباد سے مزید