• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’آبی وسائل ختم، دنیا کیلئے خطرے کی گھنٹی، مضبوط عزم ضروری ، شہباز شریف

ریاض(شاہدنعیم /نمائندہ جنگ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پانی سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے کے لئے عالمی سطح پر چھ نکاتی ایجنڈا تجویز کرتے ہوئے کہاہے کہ آبی بحران پر قابو پانے کے لئے مضبوط سیاسی عزم اور عالمی قیادت ضروری ہے ‘ ہمارے دریا خشک‘ گلیشرزاور آبی وسائل ختم ہو رہے ہیں‘پانی کے مسائل دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں‘دھرنوں میں قانون پامال کرنے‘ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو شہید و زخمی کرنے والوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس اوراسلام آباد میں ٹاسک فورس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ون واٹر سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ پانی کرہ ارض کی زندگی ،اقتصادی ترقی، خوراک کی حفاظت اور ماحولیاتی پائیداری کا سنگ بنیاد ہے ، یہ زندگی کو برقرار رکھنے والا ذریعہ تاہم بڑھتے ہوئے دباؤ میں آ رہا ہے، دنیا کی تقریباً نصف آبادی کو کم از کم سال کے کچھ حصے کے لئے پانی کی کمی کا سامنا ہے، کروڑوں لوگ پینے کے صاف پانی کے بغیر رہ رہے ہیں کیونکہ پانی کی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آبی وسائل تیزی سے ختم اور تنزلی کا شکار ہو رہے ہیں جس سے لاکھوں افراد بے گھر ہو رہے ہیں اور اس سے ہونے والی تباہی کی مثال نہیں ملتی، یہ خطرہ کوئی دور نہیں ہے بلکہ اجتماعی اقدامات کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے‘پاکستان ان چیلنجز سے ناواقف نہیں ہے۔

خشک سالی بھی ملک کے لئے اتنا ہی بڑا خطرہ ہے، ہماری تقریباً 70 فیصد زمین بنجر اور نیم بنجر علاقوں پر مشتمل ہے اور ہماری آبادی کا تقریباً 30 فیصد حصہ خشک سالی جیسے حالات سے براہ راست متاثر ہے۔

 پاکستان ان 10ممالک میں سے ایک ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی سیاسی حدود سے بالاتر ہو کر قوموں کو جوڑتا ہے اور مشترکہ ماحولیاتی نظام کو فروغ دیتا ہے، اس لئے پاکستان سرحد پار تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید