چترال (این این آئی) امریکی شکاری نے تاریخ کی سب سے بڑی بولی2لاکھ71ہزار امریکی ڈالرز (ساڑھے 7کروڑ پاکستانی روپے) دیکر کشمیری مارخور کا شکار کیا، کشمیری مارخور کا شکار توشی کے مقام پر کیا گیا، سینگوں کی لمبائی49انچ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چترال کے توشی شاشا کمیونٹی کے زیر انتظام گیم ریزرو میں ایک 80سالہ امریکی نے 2لاکھ 71ہزار ڈالر دے کر ساڑھے49انچ کے سینگ والے11سالہ کشمیری مارخور کا شکار کیا۔ امریکی شہری نے خیبر پختونخوا کے محکمہ وائلڈ لائف سے2لاکھ 71ہزار امریکی ڈالر کے عوض شکار کا اجازت نامہ حاصل کیا تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کشمیری مارخور کا شکار توشی کے مقام پر کیا گیا۔ چترال وائلڈ لائف ڈویژن کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر فاروق نبی نے بتایا کہ امریکی شہری رونالڈ جو وٹن ایک بہترین شکاری کے طور پر سامنے آئے جنہوں نے اپنی آٹومیٹک رائفل سے انتہائی قریب سے مارخور کا شکار کیا۔ یہ رواں سیزن کی پہلی ہنٹنگ تھی۔