لاہور (نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کادورہ چین کا دوسرا روزبھی مصروفیت سے بھرپور رہا۔وزیراعلی نے چینی وزرا سے ملاقاتیں کیں اور کیمونسٹ پارٹی کے ظہرانے میں شریک ہوئیں -ملاقات میں ماحولیاتی بہتری، بائیو ڈائیورسٹی، انسداد سموگ، جنگلی حیات اور شجرکاری کے فروغ اور تحفظ کیلئے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بیجنگ پنجاب کلین ائیر ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا-اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ چین کے تعاون سے ایڈوانس ائیر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایاجائیگا، ماحول دوست مشینری، توانائی، ای ٹرانسپورٹ اورہائیڈروپاور کے حوالے سے بھی مدد کریگا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے جڑواں شہروں اورصوبوں کی تجویزپیش کر دی اور پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کیلئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی ،وزیراعلیٰ نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگرس سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین لی ہانگ زونگ سے ملاقات کی۔ پاک چائنہ سٹرٹیجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم پر اتفاق کیاگیا۔مسٹرلی ہانگ نے پاک چین تعلقات کے فروغ کے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی فیملی کمٹمنٹ کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے اپنے دورہ چین کوپولیٹکل لیڈر زکی ینگ جنریشن کیلئے دوستی کی شمع قرار دیا اور کہا کہ چین کے تجربات اورمشاہدات سے فائدہ اٹھا کر پنجاب کی گورننس میں بہتری لانا چاہتے ہیں، لی ہانگ زونگ نے کہا کہ چینی قیادت پاک چائنہ کوریڈورکے منصوبے کو مزید بہتر بنا کر باہمی تعلقات کو عروج پرلے جانا چاہتی ہے۔