• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں خاتون اور گوالے سمیت دو افراد کاقتل

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک کرسچین خاتون اور ایک گوالے کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ امرانیت ناصر جان سکنہ مارگلہ ٹاؤن نے تھانہ مارگلہ پولیس کو بتایا کہ والدہ اور مقتولہ ویرا جونیتھن دبئی میں مقیم تھیں۔میری بہن کا اپنے خاوند جونیتھن منور سے تنازع ہو گیا اور معاملہ عدالت تک پہنچ گیا ۔دبئی میں ملاقات کے دوران علی رضا نے وکلاء سے اپنے تعلقات کا ذکر کر کے اس کی مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس کی بہن اسلام آباد آ گئی ۔علی رضا نے اسے بلوایا جہاں سے اس کی بہن نے فون کرکے اسے بھی دو بجے ساتھ چلنے کے لئے کہا مگر اس کا فون بند ہو گیا۔ رات کو پولیس نے فون کرکے اسے فوراً پہنچنے کے لئے کہا وہ پہنچا تو اسے اپنی بہن کی لاش ملی جسے علی رضا نے نامعلوم کی معاونت سے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ قتل کا دوسرا مقدمہ تھانہ کھنہ میں سعید اختر سکنہ جراحی نے درج کرایا جس کے مطابق اس کا بھائی محمد ظہیر سواں میں عمر خان اور بگا خان کے بھینسوں کے باڑے میں گوالے کی حیثیت سے چار ماہ سے ملازم تھا جسے انہوں نے زہر دے کر قتل کر دیا ۔مقتول 2 سے 9 دسمبر تک بے نظیر بھٹو ہسپتال میں زیر علاج رہا ۔مرنے سے قبل مقتول نے اپنا شبہ ظاہر کر دیا تھا ۔ دریں اثناء تھانہ لوئی بھیر پولیس نے مقتول عاطف کے بھائی اختر شہباز کی مدعیت میں رحیم الدین اور ریحان انجم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ۔ مدعی مقدمہ کے مطابق اس کے مقتول بھائی نے اسے بتایا تھا کہ ان دونوں نے اسے قتل کی دھمکیاں دی تھیں ۔
اسلام آباد سے مزید