اسلام آباد( کامرس رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سابق سپیکر اسد قیصر نے حکومت سے مذاکرات سے متعلق ابتدائی بات چیت کی اطلاعات کو مسترد کر دیا ۔
انہوں نے کہا کہ سپیکرسے ملاقات میں مذاکرات کی بات نہیں ہوئی،کمیٹی بنائی ہے مگر بات تب شروع ہو سکتی ہے جب حکومت سنجیدگی دکھائے، عمران اور تمام قیدیوں کو رہا کیاجائے 9مئی ، 26نومبر واقعات کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنایاجائے۔
قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ سپیکر ایاز صادق سے ملاقات میں مذاکرات یا ڈائیلاگ کی کوئی بات نہیں ہوئی،میڈیا میں میرے حوالے سے چل رہا ہےکہ میری سپیکر کیساتھ کوئی بات چیت ہوئی ہے ۔
ایاز صادق کے پاس انکے گھر انکی ہمشیرہ کی فاتحہ خوانی کیلئے گیا تھا پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی ضرور بنائی ہے مگر بات تب ہی شروع ہو سکتی ہے جب حکومت سنجیدگی دکھائے اس میں پیشرفت بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق ہی ہو گی ، جس طرح 26نومبر کو گولی چلائی گئی اور ہمارے 12کارکن شہید ہوئے سوال پوچھنا چاہتاہوں کہ 26نومبر کو کس قانون کے تحت اورکیوں نہتے شہریوں پر گولیاں چلائی گئیں ، کیا سیاسی جماعتوں کو احتجاج ریکارڈ کرانے کا کوئی حق نہیں۔