حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)بھٹائی نگر پولیس نے غیر قانونی طورپر حیدرآباد میں قیام پذیر چینی خاتون کو ساتھی سمیت گرفتار کرکے ڈی پورٹ کرنے کے لئے کراچی روانہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او بھٹائی نگر غلام اصغر تینو نے ”جنگ“ کے رابطہ پر بتایا کہ 27سالہ چائینز خاتون لی جنگ کونگ نیوسٹیزن کالونی کے ایک بنگلہ میں قائم گیسٹ ہاؤس میں حیدرآباد کے رہائشی منیر احمد عرف ڈیوڈ کے ہمراہ گذشتہ 3دن سے بغیر پرمٹ اور اجازت کے لئے رہ رہی تھی ۔لی جنگ کے ایف سی قاسم آباد میں ساتھی کے ہمراہ کچھ کھانے گئی تھی جہاں اس کے ایک ہزار ڈالر گرگئے تھے جس کی کمپلین کے لئے وہ بھٹائی نگر تھانے آئی تھی۔ پولیس کے سوالات پر اس نے بتایا کہ وہ اسلام آباد آئی تھی ۔منیراحمد کوریا میں تعلیم کے دوران اس کا کلاس فیلو تھا جس کے ساتھ وہ کاروباری شراکت بھی رکھتی ہے ۔اس سے ملنے حیدرآباد آئی تھی اورگذشتہ 3روز سے حیدرآباد میں رہ رہی تھی ۔ ایس ایچ او اصغر تینو نے کہا کہ غیر ملکی خاتون کے پاس حیدرآباد میں آمد اوررہائش کے لئے کوئی اجازت نامہ بھی نہیں تھاجس پر بھٹائی نگر پولیس نے لی جنگ اورمنیراحمد کو سیکورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لے لیا۔