کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نےقومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے بقایاجات ادا کردئیے، پی ایچ ایف کے سیکرٹری رانا مجاہد نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے دور میں دونوں ٹیموں کے انٹر نیشنل مقابلوں میں شرکت اور کیمپ کے بقایا جات ڈیلی الاؤنس کھلاڑیوں کو دے دیئے ہیں، پچھلے دور کے الاؤنس کی رقم کے لئے پی ایس بی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں،انہوں نے کہا جونیئر ایشیا کپ میں سلور میڈ ل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لئے حکومت سے انعامی رقم کی درخواست کی ہے جبکہ ان کھلاڑیوں کی وفاقی مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے جلد ملاقات کرائی جائے گی،جونیئر کھلاڑیوں کی کار کردگی قابل ستائش رہی ہے، ان کھلاڑیوں پر مختصر وقت میں کوچنگ اسٹاف نے بڑی محنت کی ہے، کوچنگ اسٹاف کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی آفس کے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ بھی حل ہونے کے قریب ہے۔دریں اثناء پاکستان ہاکی فیڈریشن نےدوسری چیف آف آرمی اسٹاف نیشنل انٹرکلبز ہاکی چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے کے لئے تمام ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنوں کو مقابلے کرانے کی ہدایت کی ہے۔