کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے رینجرز کے اختیارات میں ایک سال کی توسیع کرنے کیلئے وفاق کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست کردی۔ کابینہ نے کراچی میں رینجرز کو پولیس کے دیے گئے اختیارات میں مزید توسیع کی منظوری دے دی، رینجرز چھاپے، گرفتاریاں اور ٹارگیٹیڈ آپریشن کرسکے گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میں رینجرز کو 90 روز کی بجائے ایک سال کے اختیارات میں توسیع کردی ہے۔ اعلامیے کے مطابق سندھ رینجرز کو کراچی سمیت پورے صوبے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت 90 روز کے لیے خصوصی اختیارات دیے جاتے ہیں، کراچی میں امن امان کی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے رینجرز کو پولیس کے دیئے گئے اختیارات میں مزید توسیع کی گئی ہے، سندھ حکومت نے 90 روز کے بجائے ایک سال کے اختیارات میں توسیع کی ہے جس کے تحت رینجرز چھاپے مار سکتی ہے ملزمان کی گرفتاریاں کرسکتی ہے، رینجرز ٹارگیٹیڈ آپریشن بھی کرے گی۔ 9 دسمبر 2024 سے 8 دسمبر 2025 تک اختیارات میں توسیع کی گئی ہے۔