کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بارے میں حتمی اعلان پیر کو ہونے کاامکان ہے۔ ٹورنامنٹ کے شیڈول کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کچھ دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنا چاہتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام معاملات طے پاگئے ہیں ۔ چیمپئنز ٹرافی پر شرطوں اور معاہدوں کی تشکیل آخری مرحلے میں ہے۔ایک جانب اتنے بڑے ٹورنامنٹ کے معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے وہاں سے ہزاروں میل دور بیٹھے آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اتوار کو برسبین ٹیسٹ میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کا کھیل دیکھا۔بھارت کا میڈیا اس معاملے پر روز نئی کہانی منظر عام پر لاتا ہے اب میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایک شرط کے سوا پاکستان کی باقی تمام شرائط مان لی گئیں، تاہم بھارتی بورڈ کا اصرار ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا فائنل ہر صورت بھارت میں ہوگا، پاکستان اگر فائنل میں پہنچا تو بھارت میں کھیلے۔ پاکستان کسی بھی صورت میں بھارت جاکر کھیلنے کے لیے راضی نہیں، آئی سی سی اور دیگر ممبران کی جانب سے اس آخری معاملے کا حل نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تمام رکاوٹیں حل ہوتے ہی شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا، پاکستان اور بھارت 2027 تک ایک دوسرے کے ممالک میں نہیں کھیلیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں ہوں گے۔