• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو کی جمعہ کو برسی، لاڑکانہ میں تیاریاں

لاڑکانہ (اے پی پی)کمشنر لاڑکانہ غلام مصطفیٰ 27 دسمبر کو سابق وزیراعظم پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا کے ہمراہ گڑھی خدابخش بھٹو پہنچے۔ دورے کے دوران انہوں نے ضلع کے مختلف محکموں بشمول پبلک ہیلتھ، ڈی ایچ او، ایس اے سیپکو، بلڈنگز، روڈز کے افسران کو 24دسمبر 2024تک تیاریاں مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ نے حکام سے کہا کہ وہ مزار کے اندر اور باہر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ملک کے کونے کونے سے آنے والے افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکے جبکہ محکمہ روڈز کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ جہاں جہاں کام کی ضرورت ہو سڑکوں کو بہتر بنایا جائے اور اسے بروقت مکمل کیا جائے۔ نوڈیرو، رتوڈیرو، بنگل ڈیرو سے گڑھی خدابخش بھٹو اور مزار شہداء کو آنے والی سڑکوں پر صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے۔انہوں نے برسی میں شرکاء کے لیے گاڑیوں کی بہتر پارکنگ کے لیے پارکنگ ایریاز کا بھی جائزہ لیا ۔ کمشنر نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ لائٹنگ سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور واش رومز میں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ برسی میں شریک مہمانوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید