• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، سیاسی اسٹیک ہولڈز کی مشاورت سے قانونی معاملات پر آگے بڑھنے کا فیصلہ

اسلام آ باد (ایجنسیاں، مانیٹر نگ ڈیسک) صدر مملکت آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بات چیت کی اور قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان کی رہائی،9 مئی اور 26 نومبر واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے مطالبات پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مدارس بل، ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکورٹی صورتحال پر گفتگو کی اور ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے صدر مملکت کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خيبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر بھی موجود تھے۔ دونوں کے درمیان ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی کی جانب سے ابتدائی طور پر پیش کیے گئے عمران خان و دیگر قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی و 26 نومبر واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے مطالبات پر بات کی گئی۔ صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کا قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اہم خبریں سے مزید