کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلئے گیارہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ کپتانی ٹیمبا باووما کریں گے۔ کھلاڑیوں میں ٹونی ڈی زورزی، ایڈن مارکرم ، ریان ریکلٹن ، ٹرسٹین اسٹبس ،ڈیوڈ بیڈنگہم ، کائیل ویرائنے، مارکو جانسن ، کگیسو ربادا، ڈین پیٹرسن اور کاربن بوش شامل ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم کو شامل کیا جائے گا ، وہ نمبر تین پر کھیلیں گے۔ جبکہ صائم ایوب کے ساتھ شان مسعود اننگز کا آغاز کریں گے ۔ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی چاہتی ہے کہ بابر اعظم جمعرات سے سینچورین میں پہلے ٹیسٹ کی ٹیم کا حصہ ہوں۔ بابر مسلسل خراب کارکردگی کے سبب اس سال اکتوبر میں ملتان میں انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ کے بعد اگلے دو ٹیسٹ کی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ جنوبی افریقا سے ون ڈے سیریز کے تینوں میچز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے آؤٹ آف فارم اوپنر عبداللہ شفیق کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شان مسعود نمبر3 پوزیشن پر کھیلتے ہیں البتہ اوپننگ ان کیلئے نیا تجربہ نہیں ہوگی ۔ اکتوبر 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف ابوظبی میں انہوں نے بطور اوپنر ہی کیرئیر شروع کیا تھا۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم نے منگل کو پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔