• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم نے وہ کر دکھایا جسے بہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں بانیِ پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یوم پیدائش پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے وہ کر دکھایا جسے بہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے اور ان کی انتھک محنت کی بدولت ہمیں ہمارا وطن پاکستان معرض وجود میں آیا۔قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق جمہوری ،ہمہ گیر اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کریں، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے-صدر زرداری نے کہا کہ قائدِ اعظم نے ایک سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا۔ قائداعظم کے وژن، عزم اور استقلال کے بدولت ہی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا قیام ممکن ہو سکا۔صدر نے کہا کہ ہماری تاریخ کے ایک نازک ترین دور میں قائدِاعظم کی قیادت ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قائداعظم نادر صلاحیتوں کے رہنما تھے جو اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے۔ ان کی زندگی ان گنت لوگوں کو ایک روشن خیال استاد، بصیرت رکھنے والے وکیل، اصولی اور ثابت قدم سیاست دان اور کرشماتی رہنما کے طور پر متاثر کرتی آئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم کی جدو جہد کا سفر یقین کی طاقت اور محنت اور لگن کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے۔
اہم خبریں سے مزید