کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عبدالرشید ملاح کو آڈٹ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر معطل کردیا،پی اے سی نے ہراسمنٹ کیس میں مبینہ ملوث ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کردی ہے،بدھ کو پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نثار کھوڑو کی صدارت میں سندھ اسمبلی کی کمیٹی روم میں ہوا اجلاس میں کمیٹی کے اراکین قاسم سومرو،خرم سومرو، مخدوم فخرالزمان سمیت لیاری یونیورسٹی کے وقتی وی سی امجد سراج میمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کی انتظامیہ پی اے سی کو آڈٹ ریکارڈ فراہم نہیں کرسکی ، محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ایڈیشنل سیکریٹری سہیل انور بلوچ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی نے عبدالرشید ملاح کو ہراسمنٹ میں ملوث قرار دے دیا ہے تاہم اکانٹنٹ عبدالرشید ملاح نے انکوائری کمیٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور شوکاز کا بھی جواب نہیں دے رہے۔