اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور ایف بی آر کو مل کر کام کرنے ،جدید خودکار نظام کو کراچی کے بعد دوسرے شہروں میں بھی جلد از جلد لاگو کرنے اور مزید صنعتی شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے ‘وفاقی حکومت کے کم لاگت گھروں کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے‘سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نجی شعبے سے اشتراک اور ہاؤسنگ کے منصوبوں کی تعمیر کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے اور تعمیراتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر ے گی۔ شہباز شریف کی زیر ِصدارت وزارت ہاؤسنگ کے جاری منصوبوں اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امورپر جائزہ اجلاس منعقد ہوئے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین اور عوام کیلئے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ تعمیراتی کمپنیاں منتخب کی جائیں۔وزیراعظم نے پی ڈبلیو ڈی اور دیگر غیر فعال اداروں کی تحلیل سے کرپشن میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو موجودہ سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کے نظام کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے‘شہریوں کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کے منصوبوں میں کرپشن کی کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا عالمی منظر نامہ پر تشخص بحال ہوا ہے،بیرون ملک سے آئے مہمانوں کیلئے ملک میں بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز، ہسپتال اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے وزارت ہاؤسنگ سے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کیلئے جامع پلان طلب کر لیا۔