کراچی ( اسٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیڈٹ کالج پٹارو کو جدید سہولیات، آلات اور ٹیکنالوجی کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید ترقی دینے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو21ویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے تعلیم دینے کے جدید طریقے اپنانا ہوں گے۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کراچی میں کیڈٹ کالج پٹارو کے خصوصی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صدرمملکت کا کہنا تھاکہ یہ ادارہ سیاست، مسلح افواج، سول بیوروکریسی، عدلیہ اور دیگر شعبوں کےلیے نمایاں قیادت فراہم کر چکا ہے۔صدر مملکت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کالج کا رقبہ 785 ایکڑ ہے اور یہاں 846 طلبہ زیرتعلیم ہیں جبکہ کیمپس میں 2 سوئمنگ پول بھی موجود ہیں، صدر زرداری نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو دو مزید سوئمنگ پول بنانے اور پانچ سالہ منصوبے کے تحت تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔