پشاور( ارشدعزیزملک ) خیبر پختونخوا میں بے نظیر نشونما پروگرام میں سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں، جن میں مالی بے ضابطگیاں، گھوسٹ ملازمین اور نگرانی کے میکانزم کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے پروگرام کوصوبے میں روک دیا ہے ۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے مالی بے ضابطگیوں کا پتہ لگانے اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ایک آزاد مالی آڈٹ کی درخواست کی ہے۔
پروگرام کی انتظامیہ کو خیبر پختونخوا حکومت سے لے کر غیر سرکاری تنظیموںکے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بے نظیر نشونما پروگرام (BNP)، جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت چل رہا ہے، کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا ہے، اس کے ذریعے حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ضروری خدمات اور غذائیت کی فراہمی کی جاتی ہے۔
جنگ کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق منصوبے پر کام کرنے والے عملے کی تنخواہوں میں80کروڑ روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔
کارکنوں اور عملے کو تنخواہوں کی کٹوتیوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ اس کے باوجود، محکمہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ان ادائیگیوں کی مکمل فنڈنگ وصول کی ہے۔
80کروڑ روپے کی بے قاعدگیاں خیبر پختونخوا کے لیے منتقل ہونے والےفنڈز کا 30 فیصد ہیں سیکرٹری صحت عادل شاہ نے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اوربے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے درمیان معاہدہ ہواتھاجبکہ ورلڈ فورڈ پروگرام صوبے میں بے نظیر انکم پروگرا م کے ساتھ معاہدے کے تحت کام کررہا ہے ۔