راولپنڈی (اے پی پی، نمائندہ جنگ) سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقہ تیراہ میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران22خوارج کو ہلاک کیا ہے جبکہ18خوارج زخمی ہوئے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق14دسمبر2024سے کئے گئے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران اب تک 22خوارج ہلاک جبکہ18خوارج زخمی ہوئے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمعرات کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ضلع خیبر کے علاقہ تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کیخلاف دہشت گردی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔ ان گھنائونی کارروائیوں کے جواب میں سکیورٹی فورسز علاقے میں خوارج کے خلاف وسیع انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہیں۔ یہ آپریشنز علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تیراہ ، ضلع خیبر میں 14 دسمبر 2024 سے اب تک فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔