گوادر(ایجنسیاں)نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراجیکٹ سے آپریشن کا آغاز ہوگیا،پی آئی اے کی گوادر کے لئے پہلی کمرشل پرواز پی کے305کراچی سے46مسافروں کو لیکر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی جسے واٹر باؤزر کے ذریعے سلامی دی گئی ‘پہلی پرواز کی لینڈنگ کے ساتھ ہی ایئرپورٹ مکمل طورپرفعال ہوگیا ہے ‘ ایئر پورٹ پر ایئربس اور بوئنگ طیارے بھی اتر سکیں گے‘پروجیکٹ کی سالانہ گنجائش 4 لاکھ مسافروں کی ہےجبکہ اس کا رن وے 3.6کلومیٹرطویل ہے ‘ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے انتھک محنت پرعسکری قیادت ودیگر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیاء اور مشرق وسطی و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا ‘مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی حکومت کی مشکور ہے‘گوادر ایئرپورٹ کے فعال ہونے سےسی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گاجبکہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف کا کہنا تھاکہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گاجبکہ تجارت اورترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔