کراچی( افضل ندیم ڈوگر) نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی پرواز کی آمد میں 29 منٹ تاخیر ہوئی جبکہ یہ پرواز مقررہ وقت سے 1 منٹ پہلے ہی روانہ ہوگئی۔ قومی ایئر کی پرواز پی کے 503 نے کراچی سے مقررہ وقت صبح سوا 9 بجے کی بجائے 45 منٹ تاخیر سے گوادر کیلئے روانہ ہوئی اور طیارے نے گوادر ایئرپورٹ پر 29 منٹ تاخیر سے لینڈنگ کی۔ تقریب کے بعد پرواز پی کے 504 مقررہ وقت 2 بجے ایک منٹ قبل 1:59 پر کراچی کیلئے روانہ ہوگئی جو مقررہ وقت سے 42منٹ قبل کراچی پہنچ گئی۔ 3658میٹر طویل اور 75میٹر چوڑے رن وے بڑے جہاز لینڈ کرنے کی گنجائش ہے جہاں اب ایئر بس اے 380 اور بوئنگ 747 طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے مگر قومی ایئر لائن نے گوادر کی پرواز کیلئے حسب سابق اے ٹی آر طیارہ ہی استعمال کیا۔ 4300 ایکڑ پر گوادر ایئرپورٹ پاکستان کا رقبے کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے۔ جو بین الاقوامی پروازوں کی ری فیولنگ کیلئے بہترین محلے وقوع اور روٹ پر واقع ہے۔