اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان نے تیل سپلائی چین کو ڈیجیٹائز کرنے کا آغاز کردیا، غیر قانونی پیٹرول پمپس کی روک تھام کیلئے ایپ لانچ؛ اگلے مرحلے میں ٹینکر ٹریکنگ نظام کا منصوبہ۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکنالوجی کے اس دور میں، جہاں صنعتوں کی تشکیل نو ہو رہی ہے، پاکستان نے اپنے تیل کے شعبے کو جدید بنانے کی جانب ایک قدم بڑھاتے ہوئے تیل کی سپلائی چین کو ڈیجیٹائز کرنے کا آغاز کیا ہے۔بدھ کے روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے ایک موبائل ایپلیکیشن "راہگزر" کا افتتاح کیا۔ یہ ایپ، جو جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) ٹیکنالوجی کے ذریعے چلائی جاتی ہے، قانونی پیٹرول پمپس کو تلاش کرنے اور ملک بھر میں غیر قانونی پیٹرول پمپس کی نشاندہی کرنے کا وعدہ کرتی ہے۔