کراچی( اسٹاف رپورٹر )منگھوپیر کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود امیر بخش بروہی گوٹھ پہاڑی کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگسے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 45 سالہ گلسانہ اور 29 سالہ محمد اختر ولد محمد اکرم کے ناموں سے ہوئی۔واقعہ کی اطلاع پر ایس ڈی پی او منگھوپیر اور ایس ایچ او منگھوپیر پولیس کی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور کرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔ایس ایچ او عمران خان نے بتایا کہ واقعہ میں تیس بور اور نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے 15 کے قریب خول ملے ہیں۔مرد کو پانچ سے سات جبکہ عورت کو دو سے تین گولیاں ماری گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دو موٹر سائیکلوں پر چار نامعلوم ملزمان سوار تھے جنہوں نے مقتولین پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کا آبائی تعلق سرگودھا اورمقتولہ کا آبائی نوشہرو فیروز سے تھا۔مقتولہ کورنگی جمعہ گوٹھ کی رہائشی ہے اور اس کے پاس سے انڈس اسپتال کا کارڈ بھی ملاہے ۔اسپتال کے کارڈ پر مقتولہ کے شوہر کا نام عمران اور شناختی کارڈ پر مقتولہ کے شوہر کا نام عاشق علی گولاچی تحریر ہے ۔مقتولہ نے زیورات بھی زیب تین کیے ہوئے تھے اور اس کے ہاتھ میں مہندی بھی لگی ہوئی ہے۔مرد کا پرس اور موبائل بھی اس کے پاس موجود ہے ۔انہوں نے بتایا کہ واردات کے وقت مقتولین پیدل تھے۔ مقتولین کا آپس میں کیا رشتہ تھا یہ بات اہلخانہ کے سامنے آنے پر ہی معلوم ہوسگے گی،پولیس کو شبہ ہے کہ مقتولہ نے مقتول سے تیسری شادی کر رکھی تھی جو قتل کی وجہ بنی تاہم پولیس واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ایس ڈی پی او منگھوپیر کو واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔