• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ کراچی، اسکول کے باہر دو ملزمان نے ٹیچر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی میںنجی اسکول کے باہردو ملزمان نے اسکول ٹیچر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نیو رشید آباد میں واقع نجی اسکول اقراء اسلام الاطفال کے باہر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 38 سالہ خان مائل ولد میروف خان کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق شمالی وزیرستان سے تھا۔مقتول کو اسکول کے مرکزی دروازے کے باہر ملزمان نے نشانہ بنایا جہاں وہ گزشتہ 18ماہ سے چھٹی اور ساتویں جماعت کے بچوںکو پڑھا تا تھا۔پولیس نے بتایا کہ دو ملزمان نے جن میں سے ایک انتظار کر رہا تھا۔ ایک شال کے ساتھ احاطے میںکھڑا تھا۔ پولیس نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ شال پہنے حملہ آور نے مقتول کو دیکھ کر اپنے ساتھی کو اشارہ کیا جس نے فائرنگ کردی۔ حملے کے بعد دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے واقعہ میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا ہے۔مقتول کو سر پر گولی لگنے سے موت واقع ہوئی۔ایس ایچ او سرفراز کمانڈو نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میںمعلوم ہوا کہ مقتول نے شمالی وزیرستان میں ایک لڑکی سے شادی کرلی تھی اور اسکے بعد پہلے پنجاب میںچھپ کر رہ رہا تھا ،وہاں پر لڑکی کے گھر والوں کا فون آیا اور انہوں نے بتایا کہ ہمیں تمہارے ٹھکانے کا پتا چل گیا ہے جس کے بعد دو سال قبل یہ جوڑا کراچی کے علاقے نیو رشید آباد میں شفٹ ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مقتول ایک بیٹے کا باپ تھا۔مقتول کے قریبی رشتے داروں نے پولیس کے رابطہ کرنے پر بتایا تھا کہ وزیرستان میںمیاںاوربیوی کو جرگے میںقتل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم ایس ایچ او نے کسی جرگہ کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ خان مائیل کے قتل میںممکنہ طور پر اسکے اہلخانہ اور اسکی بیوی کے اہلخانہ ملوث ہیں تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے کیونکہ مقتول کی بیوی اور رشتہ دار کسی کا نام لینے سے گریز کر رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید