• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں اساتذہ پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کی مذمت

پشاور (وقائع نگار) ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا وسیم حیدر نے پشاور میں اساتذہ پر بدترین لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہو ئے مطالبہ کیاہے کہ خیبر پختونخوا کے اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم کرکے ان کو اپنے حقوق دیے جائیں،عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ جہاں دنیا تعلیم کی اہمیت اور فروغ کے عزم کا اظہار کر رہی ہے، وہاں ہمارے ملک میں تعلیم اور اس کے معمار، اساتذہ، بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔گزشتہ روز پشاور میں صوبائی اسمبلی کے سامنے اساتذہ کے پُرامن احتجاج پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ یہ اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے حکمران تعلیم کی اہمیت سے کتنے غافل ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ایک طرف طلبہ فیسوں میں اضافے، تعلیمی سہولیات کی کمی اور معیار کی گراوٹ کا شکار ہیں، تو دوسری جانب قوم کے معمار، اساتذہ، بھی تعلیم دشمن پالیسیوں کی وجہ سے آئے روز احتجاج پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ اساتذہ کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ تعلیم کے اس بحران کو سنجیدگی سے لے، اساتذہ کے تمام جائز مطالبات فی الفور منظور کرے اور تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے، تاکہ عالمی یومِ تعلیم کی حقیقی روح کے مطابق ہمارے تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جا سکے
پشاور سے مزید