پاکستانی سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے قومی کرکٹرز اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان ضرورت سے زیادہ دوستانہ تعلق پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں سابق کھلاڑی نے اداکارہ و میزبان اشنا شاہ کے پروگرام میں شرکت کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔
دورانِ انٹرویو بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ رویے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے معین خان نے قومی کرکٹرز کے ضرورت سے زیادہ دوستانہ رویے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، میرا تمام بھارتی کھلاڑیوں سے عزت کا تعلق ہے لیکن ایک وقت تھا کہ ہماری ٹیم بھارت سے بہت آگے تھی، آج ان کی باری ہے، ہمارے وقت میں سینیئر کھلاڑی اور کپتان ہمیں دورانِ میچ بات تک کرنے سے منع کرتے تھے۔
انہوں نے اس کا جواز پیش کیا کہ ایسا کرنے سے حریف ٹیم پر دباؤ رہتا ہے، اگر آپ ضرورت سے زیادہ کسی سے فرینڈلی ہوں گے تو وہ آپ کو اپنے لیول کا نہیں سمجھے گا اور آپ ذہنی طور پر خود کو کمزور تصور کریں گے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ہمارے بھی بھارتی کرکٹرز کے ساتھ اچھے تعلقات رہے اور آج بھی ہیں لیکن میدان میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ میرا کوئی پسندیدہ کھلاڑی آ رہا ہو تو میں اس کا بیٹ چیک کرنے لگوں، ہمارے کھلاڑی منفی پیغام دیتے ہیں جس کا انہیں اندازہ بھی نہیں ہوتا۔
معین خان نے یہ بھی کہا کہ میں جب کبھی کسی عہدے پر رہا ہمیشہ یہی کوشش کی کہ کھلاڑیوں کو سمجھاؤں کہ یہ رویہ نہ اختیار کریں، خود وسیم اکرم بھی کرکٹرز کے رویے پر ناراض رہتے ہیں، وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے کھلاڑیوں کو بھی میدان پر بھارتی کرکٹرز کے ساتھ مذاق کرتے یا بیٹ چیک کرتے اور سیلفی بنواتے نہیں دیکھا گیا۔