• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی، پاک، بھارت میچ کے ٹکٹ ساڑھے 3 ارب روپے میں فروخت، لاہور میں ٹکٹ ختم، شائقین کا سینٹر پر دھاوا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میچ کے ٹکٹ 3 ارب 40 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے ہیں۔ ان ٹکٹوں کی قیمت 38 ہزار 13 روپے سے 9 لاکھ 50 ہزار 325 روپے کے درمیان تھی۔ تمام میچز کے ٹکٹس 88.55 ملین درہم میں فروخت ہوئے۔ ادھر لاہور میں ٹکٹ ختم ہونے پر ڈیوس روڈ پر مشتعل عوام کوریئر کمپنی کے شیشے توڑ کر دفتر میں گھس گئے۔ راولپنڈی اسلام آبا د میں بھی شائقین ٹکٹ حاصل کرنے پر خوش ہوئے، کئی مایوس بھی لوٹے۔ کراچی میں بھی کرکٹ کے دیوانوں کی لمبی لمبی قطار یں لگیں۔ دریں اثنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ٹورنامنٹ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا پہلا اور بھر پور پریکٹس سیشن منگل کو غنی گلاس کے گراؤنڈ پر ہوا جس میں سناریو بیس میچ کرایا گیا۔ جنگ کی خبر کے عین مطابق فخر زمان اور بابر اعظم اوپنر کے روپ میں دکھائی دیے۔ فخر زمان ، بابر اعظم، سعود شکیل اور کامران غلام نے لمبی باریاں لیں۔ سعود شکیل کو شارٹ پچ پر خصوصی مشقیں کرائی گئیں۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے پوری رفتار کے ساتھ بولنگ کی۔ بابر اور فخر دو دو بار آؤٹ ہوئے۔ دوسرے مرحلے میں محمد رضوان سلمان آغا خوشدل شاہ عثمان خان فہیم اشرف طیب طاہر نے بیٹنگ کی۔ بیٹنگ کے بعد بابر اعظم الگ نیٹ پر شارٹ پچ گیندوں پر پریکٹس کرتے رہے۔ پاکستان ٹیم بدھ کی شام کے سیشن میں پریکٹس کرے گی۔ اس سے قبل ایک کھلاڑی یا ٹیم مینجمنٹ کا رکن میڈیا سے گفتگو کرے گا۔