اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے دوبارہ گرین چینل شروع کر نے کا اعلان کردیا ۔منگل کو اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’گرین چینل نواز شریف کا بڑا کارنامہ تھا اور اسے دوبارہ شروع کریں گے، وزیر خزانہ سے کہوں گا کہ اس کے لیے اوورسیز پاکستانیز کے ساتھ بیٹھیں، گرین چینل کو چلانے میں آپ کا کردار ہو گا اور اسے ریڈ یا ییلو چینل میں نہ بدلنے دیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گوادر پورٹ کو کمرشل بنیادوں پر آپریشنلائز کرنے کیلئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو گوادر پورٹ کو ایک جدید اور مکمل فعال بندرگاہ بنانے کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے گی، اجلاس میں وزیراعظم نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکج تیار کیاجائےتاکہ کرپشن اور خراب مال کی شکایات دوبارہ سامنے نہ آئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کئی ماہ پہلے میں نے ہدایت کی تھی کہ یہ معاملہ پہلے کی طرح نہیں چل سکتا۔ گزشتہ رمضان میں بے پناہ شکایات تھی اس لئے اب مائنس یوٹیلیٹی سٹور سکیم لائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزیراعظم نے اوور سیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے کنونشن سےخطاب کرتے ہوئےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا عظیم سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، ہر سال دنیا کے مختلف حصوں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفیر عمومی بنائیں گے اور انہیں بلیو پاسپورٹ بھی دیں گے۔