لاہور(خصوصی رپورٹر)یوم کشمیر پر صدراستحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 5فروری کو دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں کشمیر میں غاصبانہ تسلط کے خلاف آواز بلند کر کے بھارتی سرکار کو آئینہ دکھایا گیا ہے، کشمیریوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا بھارت کی فرسودہ سوچ کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں ہونے والا ظلم سیکولر ازم کے کھوکھلے اور مکارانہ دعوؤں کی داستان کے سوا کچھ نہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر ابھرتا ہوا سورج آزادی کشمیر کی امید اور ہر ڈوبتا ہوا سورج کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کی گواہی دے رہا ہے۔صدر استحکام پاکستان پارٹی نے 5فروری کو یوم کشمیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور آج ساری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ دریں اثناء استحکام پاکستان پارٹی کے زیر اہتمام صدر عبدالعلیم خان کی ہدایت پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔